کراچی: جعلی دستخط پرلاکھوں کا ٹھیکہ افسران کی جعلی کمپنیوں کو تفویض

کراچی(رپورٹ:نعمان اشرف) بلدیہ وسطی میں ایک بار پھر سے لاکھوں روپے کا ترقیاتی ٹھیکہ افسران اپنی ہی جعلی کمپنی کو دے بیٹھے۔نیو کراچی زون میں مسجد کے اطراف استرکاری کا 19لاکھ 99ہزار روپے کا ٹھیکہ محکمہ فنانس اور بی اینڈ آر کے افسر ان کی کمپنی کو جاری کیا گیا ہے۔ٹھیکہ بلڈنگ اینڈ روڈ کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کی غیر موجودگی میں جاری کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ وسطی میں لاکھوں روپے مالیت کے ترقیاتی ٹھیکے بلدیہ وسطی کے ملازمین کو ہی جاری ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔اس حوالے سے امت نے اس سے قبل گولڈن رائس نامی کمپنی کو جاری ہونے والے ترقیاتی ٹھیکے کی تفصیلات شائع کی تھیں جس میں کہا گیا تھا کہ محکمہ بی اینڈ آر کے ایکس سی این فیصل صغیر،کنٹریکٹ منیجمنٹ کےحسن عباس اور محکمہ فنانس کے اکاؤنٹ افسر ناصر خان بلدیہ وسطی کے ترقیاتی ٹھیکے اپنی ہی جعلی کمپنیوں کو جاری کررہے ہیں جس پر لوکل گورنمنٹ نے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ بی اینڈ آر اور میونسپل کمشنر وسطی زائد حسین رند سے تفصیلات طلب کی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ سلسلہ ضلع وسطی میں بھی بدستور جاری ہے۔ اس بار ترقیاتی ٹھیکہ نیو کراچی زون میں سیدہ ایم ایچ انٹرپرائز نامی کمپنی کو جاری کیا گیا ہے۔دستاویزات کے مطابق نیو کراچی زون میں مسجد کے اطراف استرکاری کا کام کیا جانا تھا جس کے بولی لگائی گئی ۔سڑک پر استرکاری کی رقم 19لاکھ 99ہزار 221مختص کی گئی ،آکشن کے دوران کہا گیا کہ جو بھی کمپنی مذکورہ رقم یا اس سے کم ریٹ پر ٹھیکہ لے گی اس ہی کمپنی کو ٹھیکہ جاری کیا جائے گا،آکشن کے دوران شہباز انٹر پرائز کمپنی نے مذکورہ ٹھیکہ 19لاکھ 99ہزار 861 روپے میں حاصل کرنے کی بولی لگائی ،اسی طرح آل غازی ای کونسٹ نامی کمپنی نے مذکورہ ٹھیکے کی بولی 20 لاکھ روپے لگائی اور سیدہ ایم ایچ انٹرپرائز کمپنی نے مختص کی گئی رقم کے مطابق ٹھیکہ حاصل کرنے کے لیے بولی لگائی تو یہ ٹھیکہ سیدہ ایم ایچ انٹر پرائز نامی کمپنی کو جاری کردیا گیا ،مذکورہ ٹھیکہ بلڈنگ اینڈ روڈ کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر عبدالرزاق میمن کی غیر موجودگی میں کیا گیا ،ذرائع نے بتایا کہ ٹھیکہ جاری کرتے وقت عبدالرزاق میمن کے جعلی دستخط کیے گئے ہیں کیونکہ عبدالرزاق میمن گزشتہ کئی ماہ سے علیل ہیں اور وہ دفتر نہیں آرہے ہیں ان کی جگہ حسن عباس جو کنٹریکٹ منجمنٹ میں ہیں انہوں نے یہ عہدہ ازخود سنبھال کر خدمات انجام دینا شروع کردی ہیں اور نیو کراچی زون کا ترقیاتی ٹھیکہ افسران کی جعلی کمپنی کو جاری کردیا۔ذرائع نے بتایا کہ بلدیہ وسطی میں ترقیاتی کاموں کا ٹھیکے محکمہ بی اینڈ آر کے ایکس سی این فیصل صغیر ،حسن عباس اور محکمہ فنانس کے اکاؤنٹ افسر ناصر خان کی ملی بھگت سے محکمے کے ملازمین کے نام پر بنائی گئی جعلی کمپنیوں کو جاری کیے جارہے ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل طلحہ سلیم ،میونسپل کمشنر سینٹرل اور لوکل گورنمنٹ کارروائی سے گریز کررہے ہیں ،امت نے خبر پر موقف کے لیئے حسن عباس،فیصل صغیر اور ناصر خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی ،بعدازاں انہیں مسیج پر بھی آگاہ کیا گیا کہ مذکورہ معاملے پر موقف درکار ہے تاہم انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ترجمان ڈپٹی کمشنر سینٹرل سے بھی رابطہ کیا گیا تو ان سے بھی رابطہ نہ ہوسکا ،مذکورہ خبر پر ضلع وسطی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ موقف من و عن شائع کیا جائے گا۔