دنیا کی مہنگی ترین ٹی 20 کرکٹ لیگ کا منصوبہ تیار 

ریاض (اُمت نیوز) سعودی عرب نے دنیا کی مہنگی ترین ٹی 20 کرکٹ لیگ کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کی مہنگی ترین کرکٹ ٹی 20 لیگ کے لیے سعودی عرب کی حکومت نے انڈین پریمیئرلیگ (آئی پی ایل) کے مالکان سے بات کی ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مبینہ طور اس لیگ کا منصوبہ ورلڈ کرکٹ کو تبدیل کر دے گا۔

آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکام نے ٹی 20 کی مہنگی ترین کرکٹ لیگ کو اپنا اگلا منصوبہ قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی کھلاڑیوں پر اپنے بورڈ کی جانب سے دیگر لیگز میں شرکت پر پابندی ہے تاہم آسٹریلوی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ سعودی عرب حکام کی تجویز کے بعد قوانین میں نرمی کیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں لیگ کے حوالے سے بات چیت ایک برس پہلے شروع ہوئی تھی، آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے نے بھی ایک انٹرویو میں سعودی سرمایہ کاری کی دلچسپی کی تصدیق کی تھی۔

آسٹریلوی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیٹول وینیو کے حوالے سے اس وقت متحدہ عرب امارات میں کرکٹ کو ترجیح دی جاتی ہے، سعودی حکام پر امید ہیں کہ دنیا کے لیے کرکٹ کا اگلا پڑاؤ سعودی عرب ہوگا۔