کے الیکٹرک زائد بلنگ،سندھ ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کردیئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی زائد بلنگ کے خلاف دائردرخواست پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ نیپرا اور کے الیکٹرک کو درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔عدالت نے تمام فریقین سے آئندہ سماعت پر جواب طلب کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 7 اگست تک کے لیے ملتوی کردی ۔ درخواست گزار شمیم اختر نے موقف اختیار کیا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونا چاہئے۔ کے الیکٹرک نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، زائد بلنگ کو ٹھیک کرکے رقم واپس دلوائی جائے۔

کے الیکٹرک پر جرمانہ بھی عائد کیا جائے ۔3.5 کلو واٹ کے بجائے ایک کلو واٹ کے حساب سے بل بنایا جائے۔ بہار کالونی لیاری کے 60 گز کے گھر میں 18 ہزار روپے کا بل بھیج دیا جاتا ہے۔ پریشان صارفین کے الیکٹرک کے دفاتر کے چکر لگاتے لگاتے تھک جاتے ہیں مگر کوئی شنوائی نہیں ہوتی۔ محتسب اعلیٰ سندھ کی جانب سے بھی حکم دیا گیا لیکن کے الیکٹرک اس پر بھی عمل نہیں کررہی۔