برطانوی وزیر دفاع کا جلد عہدہ چھوڑنے کا اعلان

 

لندن (اُمت نیوز ) برطانیہ کے وزیر دفاع بین ویلس کاکہنا ہے کہ کابینہ میں اگلی ردوبدل پر وہ وزیر دفاع کا عہدہ چھوڑ دیں گے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین ویلس آئندہ انتخابات میں حصہ بھی نہیں لیں گے۔
بین ویلس تین وزرائے اعظم کے ساتھ بطور ڈیفنس سیکرٹری کام کر چکے ہیں، وہ 4 برس سے ڈیفنس سیکرٹری کے عہدے پر فائز ہیں۔
وزیر دفاع بین ویلس کا کہناہے کہ وہ اپنے خاندان پر گزرنے والے واقعات کی وجہ سے سیاست کی فرنٹ لائن سے دوری اختیار کر رہے ہیں۔
بین ویلس ٹوری پارٹی کے ارکان میں بہت مقبول تصور کئے جاتے ہیں اور سیاست سے علیحدگی کے بارے میں ان کے فیصلے سے پارٹی کو بڑا دھچکا لگے گا جبکہ کنزرویٹو پارٹی کی سیاسی صفوں میں بھی بڑا خلا پیدا ہونے کا امکان ہے ۔