ملک کے تین بڑے ایئرپورٹس کو آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : حکومت نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کو آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر پورٹس کو آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کی تیاری شروع کردی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت کے خاتمے سے قبل ہی ایئرپورٹس کو آؤٹ سورس کرنے کے لئے ٹینڈر جاری کر دیا جائے گا، یہ ٹینڈر بین الاقوامی اخبارات میں جاری کیا جائے گا۔

حکومت نے ایئر پورٹ آوٹ سورسنگ میں دوست ممالک کو ترجیح دینے کا پلان بنایا ہے جس کے لیے سعودی عرب، یو اے ای، قطر، چین اور ترکیہ کی کمپنیوں کو ترجیح بنیادوں پر مدعو کیا جائے گا۔

آوٹ سورس سے سالانہ ڈھائی سے تین سو ملین ڈالرز حاصل ہوں گے اور معاہدے کے تحت ایئرپورٹ 25 سال کے لیے آوٹ سورس ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں اسلام آباد ایئرپورٹ اور دوسرے مرحلے میں لاہور اور کراچی کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، جب کہ اسکردو ایئرپورٹ کو بھی آؤٹ سورس کرنے پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹس کی سیکیورٹی اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کے شعبے سول ایوی ایشن کے پاس ہی رہیں گے۔