اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 522پوائنٹس کااضافہ،ڈالراورسونا مہنگا

کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو زبردست تیزی کا رجحان رہا اگرچہ مارکیٹ ایک بار پھر 46 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے میں کامیاب ہو گئی مگر کاروبار کے اختتام تک مارکیٹ نئی سطح کو برقرار نہ رہ سکی اور انڈیکس 45ہز900 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 70ارب روپے سے زاید کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کی وجہ سے سرمائے کا مجموعی حجم 69کھرب روپے سے بڑھ گیا اور58.11فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو ایس ای 100 انڈیکس میں522.31پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس 45398.31پوائنٹس سے بڑھ کر 45920.73پوائنٹس ہو گیا۔

کاروباری تیزی کی وجہ سے مارکیٹ کے سرمائے میں 70 ارب 93 کروڑ 70 لاکھ 25 ہزار 187 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 69 کھرب 63 ارب 16 کروڑ 81 لاکھ 59ہز858 روپے ہو گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں جمعہ کو 12 ارب روپے مالیت کے 50 کروڑ 45 لاکھ 50 ہزار حصص کے سودے ہوئے ۔گزشتہ روز اسٹاک مارکیٹ میں مجموعی طور پر 339 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 197 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 121 میں کمی اور 21 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔دریں اثنا روپے کے مقابلہ ڈالر کی قدر میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور پیر کو انٹر بینک میں ڈالر286جبکہ اوپن مارکیٹ میں291روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک میں گزشتہ روزڈالر کی قدر1.66روپے اضافہ سے 285.15روپے سے بڑھ کر286.81روپے ہوگئی ،فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2روپے اضافہ سے291روپے کی سطح پر آگئی،یورو کی قیمت فروخت 20پیسہ کمی سے 324روپے اور برطانوی پائونڈ کی قیمت فروخت1روپے اضافہ سے 375روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 1800 روپے کا اضافہ ہوگیا جس کے بعد ایک تولہ سونا2لاکھ 22 ہزار 900 روپے کا ہو گیا۔آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق دس گرام سونا 1542 روپے بڑھ کر 1لاکھ 91 ہزار روپے ہو گیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں 12 ڈالر کی کمی سے فی اونس سونا 1966 ڈالر ہو گیا۔ چاندی کی فی تولہ قیمت150 روپے گھٹ کر2750 روپے رہ گئی۔