جامعہ کراچی،داخلہ ٹیسٹ کل متعلقہ شعبہ جات میں ہوںگے

کراچی: کنوینرپوسٹ گریجویٹ ایڈمیشن2023 ء پروفیسرڈاکٹر انیلا امبر ملک کے مطابق جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات اور انسٹی ٹیوٹ/ سینٹرزمیں ایم ایس ،ایم فل ،ایل ایل ایم ،پی ایچ ڈی ،ایم ایس(سرجری) اور ایم ڈی( میڈیسن) میں داخلوں کے لئے داخلہ ٹیسٹ کل اتوار06 اگست2023 ءکو صبح10:00بجے متعلقہ شعبہ جات،سینٹرز اورانسٹی ٹیوٹس میں منعقد ہوں گے جس میں شرکت کے لئے امیدواروں کامقررہ وقت سےنصف گھنٹے قبل اصل شناختی کارڈ اور ایڈمٹ کارڈ کے ساتھ ٹیسٹ کے مقام پر پہنچنا لازمی ہوگا۔

ڈاکٹر انیلا امبرملک نےمزید بتایاکہ امسال پوسٹ گریجویٹ ایڈمیشن داخلے برائے سال2023 ء کے لئے آن لائن 3011 فارم جمع کرائےگئے ، 2847طلباوطالبات کے ایڈمٹ کارڈ ان کے پورٹل پر اَپ لوڈ کردیئے گئے ہیں جبکہ 164 طلبہ کےفارم مختلف وجوہات کی بناء پر مستردکئےگئے۔ڈاکٹر انیلاامبر ملک نےمزیدکہا کہ اس سال ایم فل / پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کے لئےغیرملکی طلباوطالبات کی جانب سے12درخواستیں موصول ہوئیں ہیں اورایم فل / پی ایچ ڈی،ایم ایس اور ایم ڈی پروگرام میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانےوالے درخواست گزاروں میں یمن ،بنگلہ دیش،امریکا ،چین ،افغانستان اور سوڈان کے طلبہ شامل ہیں۔ درخواست جمع کرانے والوں میں چاریمنی،تین چینی،دوافغانی جبکہ امریکا ،سوڈان اور بنگلہ دیش سے ایک ایک طالبعلم شامل ہے۔