کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار،دستی بم برآمد

کراچی: سچل کے علاقے میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں کو دو دستی بم اورپستول سمیت گرفتارکرلیا،سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتارملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے انکی شناخت اللہ رکھیو منگی اوریاسرحسن لاشاری کے نام سے ہوئی،ملزمان سے تنظیم کی چندے کی رسیدیں اورپمفلٹ بھی ملے،انکو 5 افراد کو قتل کرنے کا ٹارگٹ دیا تھا،سی ٹی ڈی نے کہا کہ ملزمان کیخلاف 5 مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے شبہ ہے کہ ملزمان کا تعلق سندھ ریولوشن آرمی سے ہے،چند ماہ قبل سی ٹی ڈی آپریشن ٹو نے تھانہ سچل کی حدود سعدی ٹاؤن میں کارروائی کے دوران سندھ ریولوشن آرمی کے دو دہشت گرد گرفتار کئے تھے جس میں صادق عرف صادو عرف باکا عرف شکوراورمختیارحسین عرف بڈانی شامل ہیں۔

دریں اثنا ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک نے کہا ہے کہ اب صرف دہشتگرد نہیں ماسٹرمائنڈ کے خلاف بھی مقدمات درج ہونگے، دہشتگردی کے ہر واقعے کی فنڈنگ کی جاتی ہے،اب مٹیریل ایویڈنس پر بھی مکمل تفتیش کی جائیگی۔مٹیریل ایویڈنس کا مطلب دہشتگرد نے کیا خریدا؟ کہاں ٹھہرا؟ موٹرسائیکل یا کار کیسے اور کس سے خریدی؟ گھر کیسے کرائے پرحاصل کیا، یہ سب چیزیں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اصغر شاہ اور ذوالفقار خاصخیلی دہشتگردوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔