کراچی، شارع فیصل پر شیر نکل آیا، شہری پر حملہ، ویڈیو وائرل

کراچی :  شارع فیصل صدر تھانے کے قریب سڑک پر شیر نکل آیا جس نے ایک شہری پر حملہ کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق شیر کو ایک سے دوسری گاڑی میں منتقل کیا جا رہا تھا جس کے دوران وہ بھاگ نکلا تاہم گارڈن ٹاؤن کے علاقے سے اسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ شیر کے حملے میں شہری محفوظ رہا ، شیر کا مالک گارڈن ٹاؤن کا رہائشی تھا جس نے بتایا کہ وہ شیر کو علاج کے لئے لے کر جارہا تھا کہ راستے میں گاڑی سے بھاگ نکلا۔ حکام نے بتایا کہ شیر کو محکمہ وائلڈ لائف کےحوالے کیا جائے گا۔

ماہر جنگلی حیات کے مطابق شیر افریقن نسل کا تھا، جس کی عمر 3 سے 4 سال کے درمیان تھی، شیر کو پالنے کیلئے لائسنس درکار ہوتا ہے اور رہائشی آبادی میں رکھنےکی اجازت نہیں ہوتی۔

علاوہ ازیں واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی ہے جس میں شیر کو سڑک پر ٹہلتے دیکھا جا سکتا ہے اور اسی دوران وہ ایک شہری پر بھی حملہ آور ہوتا ہے۔