ایف بی آر نے پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کردیئے

کراچی : فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے)کے اکاﺅنٹس منجمد کر دیئے ہیں، قومی ائیرلائن نے اگست میں 2 ارب روپے ادائیگی کا وعدہ کیا تھا۔ایف بی آر کے مطابق فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 8 ارب روپے ادا کرنے ہیں لیکن پی آئی اے نے الگ اکاونٹ کھول کرفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی رقم کاغلط استعمال کیا۔ایف بی آر نے کہا کہ قومی ائرلائن کے 26 اکاو¿نٹ منجمد کیے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے قومی ائرلائن کی سینئر قیادت کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اکانٹ منجمد ہونے سے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن متاثر نہیں ہو گا، حکومتی سطح پر رابطہ ہے، پی آئی اے اکانٹ جلد بحال ہو جائیں گے۔ادھر پی آئی اے ملازمین کی جانب سے ادارے کی نجکاری اور تنخواہوں میں عدم اضافے کے معاملے پر احتجاج کرنے پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نے سختی سے نوٹس لے لیا۔سی ای او پی آئی اے عامرحیات نے ایکشن کمیٹی کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج میں شامل ملازمین کے مکمل کوائف جمع کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

اس سلسلے میں سی ای او نے تمام متعلقہ شعبوں کے چیفس اور جی ایمز کو خط لکھ کر 5ستمبر تک رپورٹ طلب کرلی ہے۔سی ای او پی آئی اے کے دستخط سے جاری مذکورہ خط میں احتجاج میں شریک تمام ملازمین کی مکمل رپورٹ اور مزید کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔عامرحیات نے خط میں واضح کیا کہ پی آئی اے ملازمین کی جانب سے آئندہ کسی بھی احتجاج اور غیرقانونی سرگرمیوں پر سختی سے قابو پایا جائے۔تمام شعبوں کے انچارج ایسے ملازمین کی نشاندہی کرکے5ستمبر تک رپورٹ ارسال کریں بصورت دیگر متعلقہ شعبوں کے سربراہان ذمہ دار ہوں گے۔