اسٹاک مارکیٹ میں 215پوائنٹس گرگئے،انٹربینک میں ڈالر مہنگا،سوناسستا

کراچی : پاکستان اسٹاک مارکیٹ ایک دن کی تیزی کے بعد منگل کو دوبارہ مندی کی لپیٹ میں آگئی اور کے ایس ای100انڈیکس 215پوائنٹس گر گیا،کاروباری مندی کے باعث مارکیٹ کے سرمایہ میں38ارب روپے کی کمی واقع ہوئی حصص کی کاروباری مالیت اور حجم بھی پیر کے مقابلے میںگر گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں پیر کی ریکوری کے باوجود گزشتہ روز معمولی مندی رہی اور ملک میں بجلی کے نرخوں میں عوام کو ممکنہ طور پر دی جانے والی آسانیوںپر آئی ایم ایف کے اعتراضات ،افراط زر میں اضافہ اور انٹر بینک میں مسلسل ڈالر کی قدر بڑھنے کے اثرات اسٹاک مارکیٹ پر دیکھے گئے،سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ میں حصص کی فروخت کا دباؤ بھی دیکھا گیا ، گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 215پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس سے انڈیکس 45707پوائنٹس سے گر کر45491پوائنٹس ہو گیا ،148پوائنٹس کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 16252پوائنٹس سے گھٹ کر16104پوائنٹس ہو گیا، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس140پوائنٹس کمی سے 30454پوائنٹس سے کم ہو کر30313پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایم آئی30انڈیکس 425پوائنٹس کمی سے75849پوائنٹس تک آگیا ،گذشتہ روز مارکیٹ کے سرمائے میں 38ارب روپے کی کمی دیکھی گئی ، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 68کھرب5ارب روپے سے گھٹ کر 67کھرب 67ارب روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز3ارب مالیت کے12کروڑ سے زائد حصص کا لین دین ہوا جبکہ پیر کے روز4ارب47کروڑ روپے مالیت کے 13کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا تھا.

مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر 297کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے107کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،164میں کمی اور29کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔دریں اثناءگزشتہ روزوپن مارکیٹ میں انتظامیہ کے کریک ڈاؤن کی وجہ سے ڈالر کے نرخ میں کمی آئی اور ملک بھر میں ایکسچینج کمپنیوں کے باہر قانون نافذ کرنے والے اہلکار سادہ لباس میں تعینات کر دیئے گئے،بتایا جاتا ہے کہ قانون نافذ کرنے کرنے والے اہلکار ایکس چینج کمپنیوں میں ڈالر کی خریدوفروخت کرنے والوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں،فاریکس ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ہم نے انتظامیہ سے خود درخواست کی ہے کہ ایکسچینج کمپنیوں کے باہر سادہ لباس میں اہلکاروں کو تعینات کیا جائے،کریک ڈاؤن کی وجہ سے بلیک مافیا کے ایجنٹ انڈر گراو¿نڈ ہوگئے ہیں.

دوسری جانب ایکس چینج کمپنیزکے سیکرٹری جنرل ظفر پراچہ نے سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کر تے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کو تحریری شکایت درج کرادی ہے،کسی قانون کے تحت اہلکار ایکس چینج کمپنیوںکے اندر نہیں بیٹھ سکتے، دریں اثناءگزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر7روپے کی نمایاں کمی کے بعد327سے گھٹ کر320روپے کی سطح پر آگیا،جبکہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر1.46روپے اضافہ سے 305.64روپے سے بڑھکر307.10روپے ریکارڈ کی گئی ۔علاوہ ازیں عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت9ڈالر کمی سے1931ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت6300روپے کمی سے 2لاکھ32ہزار800روپے اوردس گرام سونے کی قیمت5402روپے کمی سے 1لاکھ 99ہزار588روپے رہی۔