ڈالر اور سونے کی شرح میں نمایاں کمی،اسٹاک مارکیٹ 50پوائنٹس گرگئی

کراچی : جمعرات کے روز انٹر بینک میں بھی ڈالر کی قدر2روپے گر گئی جبکہ اوپن مارکیٹ میںڈالر مزید6روپے سستا ہوگیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ روز انٹر بینک میںڈالر2.04روپے کمی سے306.98روپے سے گر کر304.94روپے کی سطح پر آگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مزید6روپے کمی سے312روپے سے گھٹ کر306روپے کی سطح پر آگئی،تین روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں اب تک ڈالر کی قدر میں21روپے کی کمی واقع ہوچکی ہے۔

دریں اثناء عالمی مارکیٹ میں جمعرات کے روزسونے کی فی اونس قیمت5ڈالر کمی سے1921ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت5800روپے کمی سے 2لاکھ16ہزار500روپے اوردس گرام سونے کی قیمت4972روپے کمی سے 1لاکھ 85ہزار614روپے رہی ۔علاوہ ازیں پاکستان اسٹاک مارکیٹ بدھ کی تیزی کے بعد گزشتہ روز جمعرا ت کو دوبارہ مندی کی لپیٹ میں آگئی اور کے ایس ای100انڈیکس50پوائنٹس گر گیا،کاروباری مندی کے باوجود حصص کی فروخت کے باعث مارکیٹ سرمایہ میں 9ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ حصص کی کاروباری مالیت اور کاروباری حجم بھی بدھ کے مقابلے میںزیادہ رہا۔تفصیلات کے مطابق پاکستا ن اسٹاک مارکیٹ ایک روزہ ریکوری کے بعد جمعرات کو دوبارہ مندی کی لپیٹ میںآگئی، گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 50پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس سے انڈیکس 45807پوائنٹس سے گر کر45757پوائنٹس ہو گیا ،42پوائنٹس کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 16204پوائنٹس سے گھٹ کر16161پوائنٹس ہو گیا.

ایس ای آل شیئرز انڈیکس39پوائنٹس اضافہ سے 30470پوائنٹس سے بلند ہو کر30509پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایم آئی30انڈیکس 150پوائنٹس اضافہ سے76508پوائنٹس تک آگیا،کے ایس ای 100انڈیکس میںکمی کے باوجودگذشتہ روز مارکیٹ کے سرمائے میں 9ارب روپے کا اضافہ دیکھا گیا ، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 67کھرب80ارب روپے سے بڑھ کر 67کھرب 89ارب روپے ہو گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز7ارب روپے مالیت کے17کروڑ روپے سے زائد کا لین دین ہوا جبکہ بدھ کے روز4ارب روپے مالیت کے13کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا تھا، مارکیٹ میں گذشتہ روز مجموعی طور پر 323کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے139کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،162میں کمی اور22کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔