صحافیوں سے گفتگو میں سارا زور بھی پی ٹی آئی سے کی گئی ’’نا انصافی‘‘ پر رہا، فائل فوٹو
 صحافیوں سے گفتگو میں سارا زور بھی پی ٹی آئی سے کی گئی ’’نا انصافی‘‘ پر رہا، فائل فوٹو

نگراں وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی غلامی کے ریکارڈ توڑ دیئے،حافظ نعیم

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نگراں وزیراعظم اور کابینہ نے آئی ایم ایف کی غلامی کے سارے ریکارڈ توڑ دیے،نگراں حکومت پی ڈی ایم کی قبضہ حکومت کی طرح ثابت ہوئی ہے،آئی ایم ایف کی ایماء پر عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے،کراچی کے شہری عوام دشمن فیصلوں کے خلاف منگل 19 ستمبر کو شہر کے 15مقامات پر اپنی گاڑیاں کھڑی کر کے احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دے کر سڑکیں بند کردیں گے،ہم پر امن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں،ہمارا راستہ روکنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ ادری حکومت و انتظامیہ پر عائد ہوگی،ہم آج ہی نئے چیف جسٹس کے کو خط لکھیں گے کہ وہ مہنگائی،پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نوٹس لیں اور عوام کے حق میں فیصلہ کریں،عوام گھروں سے نکل کر مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے احتجاج میں شامل ہوں کیونکہ عوام کی خاموشی حکمرانوں کو مزید ظالمانہ فیصلے کرنے کی تقویت دیتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، جنرل سکیریٹری منعم ظفر خان، نائب امراء کراچی راجا عارف سلطان، محمد اسحاق خان، سیف الدین ایڈوکیٹ اور سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمدبھی موجود تھے۔ دریں اثناء نگراں حکومت کے پیٹرول قیمتوں میں بار بار اضافے کے ظالمانہ فیصلے، عوام کے مسائل و مشکلات کو مسلسل نظر انداز کرنے اور بجلی و پیٹرول قیمتوں و بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی جاری احتجاجی تحریک کے سلسلے میں اسٹارگیٹ پر بھی دھرنا دیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے شاہراہ فیصل اسٹارگیٹ پر دھرنے میں پرجوش نعرے لگوائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے پریس کانفرنس اوردھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ نگران حکومت کی جانب سے ایک ماہ میں مسلسل 3 بار پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ فیصلہ ہے،حکمرانوں کو عوام کا کوئی احساس تک نہیں رہا،وزیر خزانہ کو کراچی میں ٹرانسپورٹ کی عدم فراہمی کے حوالے سے آگاہ کردیا تھاکہ جب پبلک ٹرانسپورٹ موجود نہیں ہے تو عوام کیسے سفر کریں؟،ڈالر کی قیمت کم ہونے کے باوجود پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے،حکمران اس بات سے غافل ہیں کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے حالات خراب ہوں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ معیشت کے نام پر عوام کو ڈیفالٹ کردیا گیا ہے،اگر ملک ڈیفالٹ ہوجائے گا تو یہی مافیا ملک چھوڑ کر بیرون ملک فرار ہوجائے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ شہر میں ایک بار پھر سے قبضہ مافیا سرگرم ہورہا ہے۔

جماعت اسلامی نے نارتھ ناظم آباد میں 4 پارکوں کو قبضہ مافیا سے بچایا ہے،قبضہ مافیا پارٹیوں کے عسکری ونگ ہیں جو پارٹیوں کے مفاد کے لیے کام کررہے ہیں،شہر میں پھر سے قبضہ مافیا کو قبول نہیں کریں گے۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ اربوں روپے کاپیٹرول افسران صرف عیاشیوں میں استعمال کرتے ہیں،عوام پوچھتے ہیں کہ نگراں وزیر اعظم، آٹا اور شوگر مافیا کو کیوں کنٹرول نہیں کرتے ان سے ٹیکس کیوں نہیں لیے جاتے،10ایکٹر سے زیادہ اراضی والے جاگیرداروں اور وڈیروں کی زمینوں پرپر ٹیکس کیوں نہیں لگایا جاتا،نگراں وزیر اعظم آج سے اعلان کردیں کہ سرکاری افسران اور اعلیٰ عہدیداران صرف1000سی سی گاڑی استعمال کریں، کسی بھی سرکاری افسر اور اعلیٰ عہدیدران کو مفت بجلی نہیں دی جائے گی۔اگر ایسا نہیں کیا توہم سمجھیں گے کہ آپ آئی ایم ایف کی چاکری کررہے ہیں،ہماری قسمت یہ نہیں کہ ہم بھاری بل ادا کریں اور مہنگا پیٹرول بھی خریدیں۔کراچی پورے ملک کی معیشت کو چلاتا ہے اور ہم نے امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر پیٹرول اور بجلی کے بلوں میں اضافے کے خلاف کراچی سے تحریک شروع کی ہے جسے مزید آگے بڑھائیں گے اور نااہل حکمرانوں کو مجبور کریں گے کہ وہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں کم کریں۔

امیرجماعت اسلامی ضلع ایئرپورٹ توفیق الدین صدیقی نے کہاکہ پچھلے ماہ بجلی کی قیمتیں بڑھائی گئیں ابھی اس کی تکلیف سے نہیں نکلے نہیں تھے کہ اب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا،اس ظلم کو ختم کرنے کے لئے عوامی حمایت سے اب فیصلہ کن جنگ لڑیں گے۔ٹاؤن چیئرمین ماڈل کالونی ظفر احمد خان نے کہاکہ مہنگائی و بے روزگاری کے باعث شہری خود کشی کرنے پر مجبور ہیں،کراچی کے شہری اپنے بچوں کوفیسیں جمع نہ کرنے کی وجہ سے اسکولوں سے نکالنے پر مجبور ہیں،کراچی کے ٹاؤن و یوسی چیئرمینز کو اختیارات منتقل نہیں کیے جارہے ہیں، عبوری مدت کے نام پر کراچی کے بجٹ کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے۔دھرنے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھاکہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور، شرکاء نے نگراں حکومت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور نعرے لگائے،نعروں میں یہ نعرے شامل تھے۔تیز ہو تیز ہو،جدوجہد تیز ہو،نعرے قدم بڑھاؤ حافظ نعیم، ہم تمہارے ساتھ ہیں،گرتی ہوئی دیواروں کو ایک دھکا اور دو۔25کروڑ انسانوں اپنی قوت پہنچانو، تیزہو تیز ہو جدوجہد تیز ہو،چوکوں اور چوراہوں میں جدوجہد تیز ہو، آئی ایم ایف کے غلاموں کے خلاف، جدوجہد تیز ہو، بھتہ خوروں کے خلاف، امریکی غلاموں کے خلاف، جدوجہد تیز ہو۔