ورلڈ کپ 2023ء سے میزبان بھارت کو ریکارڈ آمدن ہونے کا امکان

لاہور: (اُمت نیوز) بھارت پہلی بار تنہا ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہا ہے لیکن اس میگا ایونٹ سے بھارتی معیشت کو زبردست فائدہ بھی ہو رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق عالمی ایونٹ سے بھارت کو پاکستانی کرنسی میں 66 ہزار کروڑ روپے (یعنی 2 اعشاریہ 6 بلین ڈالرز) سے زائد کی آمدنی متوقع ہے جس سے دنیا کے امیر ترین بھارتی بورڈ کے خزانے مزید بھر جائیں گے اور وہ مالا مال ہو جائے گا، 2019 میں انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ سے برطانیہ کی معیشت کو 350 ملین ڈالرز کی آمدنی ہوئی تھی۔

ماضی میں بھارت پاکستان، سری لنکا اور بنگلا دیش کے ساتھ مل کر ورلڈ کپ کرا چکا، یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت کے 10 شہروں میں 48 میچ ہو رہے ہیں جن میں دنیا کا سب سے بڑا احمد آباد کا نریندرا مودی سٹیڈیم بھی شامل ہے جس میں ریکارڈ ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، ورلڈ کپ پر آنے والے اخراجات آئی سی سی ادا کرے گا اور بھارت کو فائدہ ہی فائدہ ہو گا، سب سے زیادہ آمدنی ٹی وی رائٹس سے ہو گی، ٹی وی کے نشریاتی حقوق سے بھارت کو 36 ہزار کروڑ روپے ملیں گے۔

ٹورنامنٹ کے زیادہ تر میچ ڈے اینڈ نائٹ ہیں اس لیے ورلڈ کپ کے 7 ہفتوں کے دوران تماشائی ایک ساتھ جمع ہو کر اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ پکنک کے انداز میں میچ انجوائے کر رہے ہیں، جب دوست اور اہل خانہ کی محفل جمتی ہے تو کھانے اور سکرینگ کی مدد میں 15 ہزار کروڑ پاکستانی روپے کی آمدنی کا اندازہ ہے جبکہ ٹکٹوں کی فروخت سے 6 ہزار کروڑ روپے سے زائد کی آمدنی متوقع ہے۔

ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں تماشائیوں کی دلچسپی کم دکھائی دی لیکن جیسے جیسے ٹورنامنٹ آگے بڑھا ہے تماشائی بڑی تعداد میں گراؤنڈز کا رخ کر رہے ہیں، 10 غیر ملکی ٹیموں سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی سیاح، میڈیا کے نمائندے، براڈ کاسٹرز اور کمنٹیٹرز ان میچوں کیلئے بھارت میں ہیں، ٹریول اور مرچنڈائزنگ سے 6 ہزار کروڑ پاکستانی روپے کی آمدنی ہونے کا امکان ہے۔

امریکا سمیت ایشیا، یورپ اور دنیا بھر کی کمپنیاں ورلڈ کپ کو سپانسرز کر رہی ہیں، ٹیلی ویژن پر دکھائے جانے والے اشتہارات کا ریٹ فی سیکنڈ 9 لاکھ روپے پاکستانی ہے، اس طرح 10 سیکنڈ کے اشتہار کا ریٹ 90 لاکھ روپے پاکستانی ہے، اشتہارات کے نرخ پچھلے ورلڈ کپ سے 40 فیصد زیادہ ہیں۔

ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو کتنی رقم ملے گی؟

موجودہ ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی نے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔

19 نومبر کو احمد آباد میں فائنل جیتنے والی ٹیم کیلئے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے، ہر گروپ میچ جیتنے پر ٹیم کو 40 ہزار ڈالرز ملیں گے، سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی نہ کرنے والی 6 ٹیموں کو ایک ایک لاکھ ڈالرز اور سیمی فائنل ہارنے والی ٹیموں کیلئے 8، 8 لاکھ ڈالرز کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

آئی سی سی کے فنانشل ماڈل برائے 2017 سے 2023 تک کے مطابق آئی سی سی کی آمدنی کا بڑا حصہ بھارت کو ملے گا، بی سی سی آئی کو پچھلے ماڈل کے مقابلے میں 112 ملین ڈالرز زیادہ ملیں گے اس کو 8 سال کے دوران ملنے والی مجموعی رقم 405 ملین ڈالرز ہے جبکہ پاکستان کو 128 ملین ڈالرز ملیں گے، پاکستان کو اس رقم کا ہر سال 12 سے 15 ملین ڈالرز ملتا ہے۔