فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان کو آئی ایم ایف سے 70 کروڑ ڈالر کی قسط موصول

اسلا م آباد : پاکستان کو عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے سٹینڈ بائی ارینجمنٹ(ایس بی اے) کے تحت 70 کروڑ ڈالر کی قسط موصول ہوگئی۔ سٹیٹ بینک حکام کے مطابق قسط موصول ہونے کے بعد پاکستان کو جاری کردہ رقم 1.9 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔آخری اقتصادی جائزے کے بعد پاکستان کو مزید 1.1 ارب ڈالر ملیں گے۔ علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو بڑا معاشی ریلیف فراہم کرتے ہوئے 2 ارب ڈالرز کا قرضہ مزید ایک سال کے لئے موخر کردیا ۔ سٹیٹ بینک نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے قرض رول اوور کرنے کی تصدیق کردی۔متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے لئے ایک، ایک ارب ڈالر کے 2 الگ الگ ڈپازٹ مزید ایک سال کے لئے موخر کردیئے ہیں،اس قرض کو آئندہ ہفتے 23 جنوری کو میچور ہونا تھا جو اب جنوری 2025 تک موخر کردیا گیا ہے۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے بھی متحدہ عرب امارات کو خط لکھا تھا اور وزارت خزانہ کی جانب سے مسلسل کوششیں کی جا رہی تھیں۔