انڈر19 ورلڈکپ؛ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی کی منتظر

کراچی(اُمت نیوز) پاکستانی ٹیم آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی کی منتظر ہے تاہم آج سپر سکس مرحلے میں بنگلہ دیش سے مقابلہ ہوگا۔

سیمی فائنل میں رسائی کیلیے پْرعزم پاکستانی ٹیم ہفتے کو بنگلہ دیش سے سپر سکس مرحلے کا دوسرا اور آخری میچ کھیلے گی، گذشتہ روز میزبان جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 119 رنز سے مات دے دی، فاتح الیون نے 8 وکٹ پر 232 رنز بنائے، اوپنر لوہان ڈیرپریٹوریس 71 اور ریلی نورٹن 41 رنز ناٹ آؤٹ بناکر نمایاں رہے، وشوا لاہیرو، میلشا تھاروپاتھی اور سپون ویڈگے نے 2،2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

یہ بھی پڑھیں: انڈر 19 ورلڈ کپ: پاکستان نے آئر لینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی
حریف سائیڈ 23.2 اوورز میں 113 رنز پر ہمت ہارگئی، شروجون (29) اور میلشا تھاروپاتھی (21 ) نمایاں رہے، کیوینا ماپاکھا نے 21 رنز دے کر 6 شکار کیے، ریلی نورٹن نے باقی 4 وکٹیں حاصل کرلیں۔آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کا میچ بارش کے سبب بے نتیجہ رہا، کینگروز نے 8 وکٹ پر 227 رنز بنائے، سام کونٹاس (108) نے سنچری جڑی، ناتھن ایڈورڈ نے 3 شکار کیے، کھیل روکے جانے تک 4.3 اوورز کے ممکنہ کھیل میں ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹ پر 24 رنز بنائے۔

بھارت نے نیپال کو 132رنز سے ہرا دیا، بلو شرٹس نے 5 وکٹ پر 297 رنز اسکور کیے، سچن دھاس (116) اور کپتان ادے سہاران (100) نمایاں رہے، گلشن جھا نے 3 وکٹیں لیں، ناکام سائیڈ 9 وکٹ پر 165 رنز بناسکی، درگیش گپتا 29 اور آکاش چند 18 پر ناٹ آؤٹ رہے، دونوں نے آخری وکٹ کیلیے 45 رنز کی ناقابل شکست شراکت بھی بنائی۔