کراچی : سندھ گورنمنٹ اسپتال میں دھماکا، 7 افراد جھلس گئے

کراچی (امت نیوز) لیاقت آباد میں سندھ گورنمنٹ اسپتال کی ایمرجنسی میں آگ لگنے کے بعد دھماکے سے سات افراد جھلس کر زخمی ہو گئے اورعمارت میں دھواں بھرجانے سے امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا، فائربریگیڈ اورریسکیو ادارے نے آگ بجھائی اورزخمیوں کوطبی امداد کے لیے سول اسپتال بزنس وارڈ منتقل کیا۔

زخمیوں کی شناخت حمزہ ولد سیف اللہ عمر27سال، مَہیش ولد ارجن عمر29سال، مشرف حسین ولد محمد حسین عمر55سال، ستار ولد عزیز احمد عمر35سال، آصف ولد عمران عمر30سال، کاشی ولد محمود عمر44سال ،حسیب ولد عبدالغفار عمر38سال کے طورپرہوئی ہے۔ بی ڈی ایس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرتے ہوئے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں کہاہے کہ ایمرجنسی روم میں شارٹ سرکٹ ہوا جس سے آگ لگی اور پھر کمرے میں فریج کا کمپریسرپھٹنے سے دھماکہ ہوا،جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

نگراں وزیرصحت نے سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں آگ لگنےکا نوٹس لیتے ہوئے ایم ایس سے انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے اورزخمیوں کو طبی سہولت فراہم کرنےکی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناء گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد کی ایمرجنسی میں دھماکہ کا نوٹس لیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ سے اس حادثہ کی رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ اس واقعہ کی وجوہات کے ساتھ تفصیلی رپورٹ دی جائے۔ گورنر سندھ نے واقعہ میں جھلس کر زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔