ٹی 20 فتوحات، آسٹریلیا نے سنچری مکمل کرلی

 

کراچی(اُمت نیوز) کیویز کیخلاف آسٹریلیا نے ٹوئنٹی 20 سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا جب کہ آسٹریلیا نے 100 ویں ٹی 20 انٹرنیشنل کامیابی بھی اپنے نام کرلی۔

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹی 20 میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیل کر 10.4 اوورز میں 4 وکٹ پر 118 رنز جوڑے، اسٹیون اسمتھ ایک بار پھر ناکام رہے، وہ محض 4 رنز بناکر میلین کی گیند پر سیفرٹ کا کیچ بن گئے، تاہم میتھیو شارٹ اور اوپنر ٹریوس ہیڈ (27) نے دوسری وکٹ کے لیے 51 رنز کی ساجھیداری بناکر ٹوٹل کو 67 تک پہنچادیا، گلین میکسویل 20 رنز بناکر پویلین واپس ہوگئے۔

آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ ٹریوس ہیڈ کی صورت گری، وہ 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 بالز پر 33 رنز بناکر پویلین رخصت ہوئے، جوش انگلس 14 جبکہ ٹم ڈیوڈ 8 پر ناٹ آئوٹ رہے، ایڈم ملن، بین سیئرز، مچل سینٹنر اور جوش کلارکسن نے ایک ایک وکٹ لی، 10 اوورز میں 126 رنز کا ہدف پانے والے کیویز 3 وکٹ کھوکر 98 بنا پائے۔

اوپنر فن ایلن 9 بالز پر 13 رنز بناکر زیمپا کا شکار بنے، ول ینگ کی کاوش 14 کے اسکور پر شارٹ نے تمام کردی، اس بار کیچ زیمپا نے تھاما، ٹم سیفرٹ 2 رنز تک محدود رہے، گلین فلپس نے 24 بالز پر 40 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے، ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 سکسر شامل رہے، مارک چیپمین نے 17 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، میتھیوشارٹ، اسپنسر جونسن اور ایڈیم زیمپا نے ایک ایک پلیئر کو پویلین کی راہ دکھائی۔