کراچی میں مشتعل ہجوم نے 3 ڈاکو مار دالے

کراچی (امت نیوز) شہر قائد میں شہریوں نے 3 ڈاکو مار ڈالے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں شہریوں سے لوٹ مار کرنے والے تین مبینہ ڈاکو پولیس مقابلے اور مشتعل ہجوم کے تشدد سے ہلاک ہو گئے جبکہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

کورنگی کے ایس ایس پی حسن سردار کے مطابق دونوں ملزمان غوث پاک روڈ پرایک شہری کو لوٹنے کے بعد فرار ہورہے تھے کہ زمان ٹاؤن پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل صادق نے ان کا پیچھا کیا۔انہوں نے بتایا کہ پولیس اہلکار نے ملزمان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان شدید زخمی ہوگئے،اس دوران جمع ہونے والے ہجوم نے ملزمان کو تشدد کا نشانہ بنایا جس سے دونوں مبینہ ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ زمان ٹاؤن پولیس کے ایس ایچ او راؤ فیاض نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو مشتعل ہجوم نے اس حد تک مارا کہ ان کی انگلیاں تک ٹوٹ گئیں جس سے پولیس کے لیے ان کی شناخت کرنا مشکل ہو گیا۔

انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں ملزمان کی شناخت ارباز اورسمیر کے نام سے ہوئی۔ایک اور مبینہ مقابلے میں پولیس نے گلشن معمار میں ڈکیتی کے دوران شہری کو زخمی کرنے والے ایک ملزم کو گولی مارکرہلاک جبکہ دوسرے کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی غربی حفیظ الرحمن بگٹی نے بتایا کہ جنجال گوٹھ کے قریب دو ملزمان نے دو بھائیوں سے نقدی اور دیگر قیمتی سامان چھیننے کے بعد ایک بھائی ابراہیم چنہ کو ٹانگ میں گولی مارکرزخمی کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی دوران پٹرولنگ کرنے والے شاہین فورس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اورفائرنگ کے تبادلے میں ملزم کرم خان گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا جبکہ پولیس نے اس کے ساتھی رحمت محمد کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی غربی نے مزید بتایا کہ ہلاک ملزم افغان شہری تھا جس کے پاس سے افغان شہری کارڈ بھی ملا جبکہ ملزمان کے قبضے سے دو غیرقانونی پستول اور شہری کا چھینا ہوا موبائل فون اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔