قومی ٹیم کی کوچنگ؛سوشل میڈیا پر سابق کرکٹرز سےمتعلق روابط کی خبریں تیز

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)شین واٹسن اور ڈیرن سیمی کی جانب سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ سے انکار کے بعد سوشل میڈیا پر دیگر سابق کرکٹرز کے بورڈ کے ساتھ روابط کی خبریں گردش کرنے لگیں۔

سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر گردش ہونے والی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کراچی کنگز کے ہیڈکوچ فل سیمز، سابق انگلش کرکٹر آئن مورگن اور پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے لیوک رونچی سے قومی ٹیم کی کوچنگ کیلئے رابطے کیے جارہے ہیں۔

گزشتہ دنوں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ آنے والے ہفتے 10 دن کے اندر پاکستانی ٹیم کیلئے ہیڈکوچ سے متعلق اچھی خبر سامنے آئے گی۔

قبل ازیں سابق آسٹریلوی آل راؤنڈر شین واٹسن اور ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے سے معذرت کرلی تھی۔

پی سی بی کو کوچ کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے، سابق آسٹریلوی آل رائونڈر شین واٹسن کے ساتھ 2 ملین ڈالرز سالانہ پر معاملات طے ہوتے دکھائی دے رہے تھے، مگر محسن نقوی کے مطابق تفصیلات میڈیا پر آنے سے ڈیل فائنل نہیں ہو سکی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ نے سابق انگلش کوچ اینڈی فلاور سے بھی رابطہ کیا مگر انھوں نے انکار کر دیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹائٹل جتوانے والے مائیک ہیسن نے بھی دلچسپی نہیں دکھائی۔ سابق آسٹریلوی کرکٹر سائمن کیٹچ بھی معذرت کرنے والوں میں شامل ہیں جبکہ جسٹن لینگر سے بھی بات چیت ہوئی مگر تاحال مثبت جواب نہیں ملا۔