آرگنائزیشن آف اکنامک کو وآپریشن اینڈ ڈیلوپمنٹ کے وفد کادورہ پاکستان

آرگنائزیشن آف اکنامک کو وآپریشن اینڈ ڈیلوپمنٹ (OECD) کے ایک وفد نے آٹومیٹک ایکسچینج آف انفارمیشن (AEOI) کو خفیہ رکھنے اور ڈیٹا کی حفاظت کا موقع پر جائزہ لینے کے لئے 23 اپریل سے 25 اپریل تک پاکستان کا دورہ کیا۔ او ای سی ڈی کا وفد ٹیکس پالیسی ایڈوائزر گڈرن جینی جانزڈوتر، انفارمیشن سیکورٹی مینجمنٹ کی ٹیکنیکل ایڈوائزر جسمینہ ٹرجکووسکی روسو، ان لینڈ ریونیو اتھارٹی آف سنگاپور کے سینئر آرکیٹیکٹ ٹوہ جن شیونگ اور ماریشیس ریونیو اتھارٹی کے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے سیکشن ہیڈ ایشون لکوو پر مشتمل تھا۔

وفد کے ساتھ تفصیلی ملاقاتوں کی صدارت ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ٹیکسز عائشہ فاروق نے کی۔ ان ملاقاتوں میں ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل ٹیکسز کے ممبران کے علاوہ پرال اورایف بی آر کے آئی ٹی ونگ کے ممبران بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر اپنے افتتاحی کلمات میں ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ٹیکسز عائشہ فاروق نے وفد کے اراکین کو خوش آمدید کہا اور باہمی فائدے کے لئے معلومات کے تبادلے اور ڈیٹا کو حفاظت کے ساتھ خفیہ رکھنے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔سہ روزہ سیشنزمیں متعلقہ افسران نے شرکت کی جس میں ایف بی آر میں ڈیٹا کو خفیہ رکھنے کے حوالے سے اپنائی گئی پالیسیوں اور انفارمیشن سیکورٹی فریم ورک پر بات چیت کی گئی۔

وفد نے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ڈیٹا سنٹر، سیکورٹی آپریشنز سنٹر اور آٹومیٹک ایکسچینج آف انفارمیشن سنٹر کے ساتھ ساتھ اے ای او آئی زون اسلام آباد کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر آئی ٹی اور ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل ٹیکسز کے ساتھ ایک مشترکہ سیشن بھی منعقد کیا گیا۔اس سیشن میں جائزہ ٹیم نے ڈیٹا کی حفاظت کے لئے بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے حوالے سے ایف بی آر کی کوششوں کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔