کراچی: سہ فریقی سیریز کے تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کےلیے 353 رنز کا ہدف دے دیا۔
جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 352 رنز کا ٹوٹل بورڈ پر سجادیا۔ ہینرک کلاسین 87، میتھیو بریٹزکی 83 اور ٹیمبا باووما 82 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
کائل ویریانے نے 32 گیندوں پر 44 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو ساڑھے تین سو کے ہندسے کے پار پہنچایا۔ان کے علاوہ ٹونی ڈی زورزی نے 22 اور کوربن بوش نے 15 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے خوشدل شاہ کے علاوہ تمام بولرز نے 6 سے زائد اوسط سے رنز دیے۔ تاہم اس کے باوجود شاہین آفریدی دو جبکہ نسیم شاہ اور خوشدل شاہ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔
سہ فریقی سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف اہم میچ کے لیے پاکستان کی فائنل الیون میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔پاکستان ٹیم میں کامران غلام کی جگہ سعود شکیل کو جبکہ حارث رؤف کی جگہ پر محمد حسنین کو ٹیم کو شامل کیا گیا۔