امریکا ایران جنگ بندی میں توسیع کا معاہدہ ہوگیا: امریکی ویب سائٹ کا دعویٰ

مجوزہ مفاہمتی معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانا ہے

امریکی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں توسیع پر ابتدائی اتفاق ہو گیا ہے، تاہم اس معاہدے کی حتمی منظوری تاحال باقی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی نیوز ویب سائٹ “ایگزیوز” کا کہنا ہے کہ ایران نے امریکا کے ساتھ ایٹمی پروگرام سے متعلق مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے، جسے خطے میں ایک اہم سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ مفاہمتی معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر لانا ہے، جبکہ تفصیلی معاملات آئندہ بات چیت میں طے کیے جائیں گے۔

رپورٹ میں ایک امریکی عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایرانی حکام نے ضروری داخلی منظوریوں کی تکمیل کے بعد معاہدے پر دستخط کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔

دوسری جانب امریکی حکام کے مطابق مذاکرات کاروں نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پیش رفت سے آگاہ کر دیا ہے، تاہم انہوں نے ابھی تک اس معاہدے کی باضابطہ منظوری نہیں دی۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے اس جنگ بندی میں توسیع کی سرکاری طور پر تصدیق سامنے نہیں آئی۔