پی سی بی کا زمبابوین بولر پر دو سیزن کی پابندی کا فیصلہ

کرکٹ میں معاہدوں کی پاسداری بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے وعدوں سے انحراف کھیل کے اصولوں کے خلاف ہے۔

               
April 14, 2026 · اسپورٹس

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ مزارابانی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں آئندہ دو ایڈیشنز کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق یہ فیصلہ معاہدے کی خلاف ورزی پر کیا گیا، جہاں کھلاڑی نے طے شدہ شرائط کے باوجود اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو پورا نہیں کیا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں معاہدوں کی پاسداری بنیادی حیثیت رکھتی ہے اور کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے وعدوں سے انحراف کھیل کے اصولوں کے خلاف ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلیسنگ مزارابانی نے پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی پر رضامندی ظاہر کی تھی، تاہم بعد میں انہوں نے بھارتی لیگ کے ساتھ معاہدہ کرلیا، جو طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی تصور کیا گیا۔

پی سی بی نے واضح کیا کہ تمام شرائط تحریری طور پر طے ہونے کے بعد ان پر عملدرآمد لازم ہوتا ہے، اور بلا جواز دستبرداری نیک نیتی اور پیشہ ورانہ اصولوں کے منافی ہے۔ بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ اخلاقی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دو سالہ پابندی اس خلاف ورزی کی سنگینی کو ظاہر کرتی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی پی سی بی معاہدے کی خلاف ورزی پر غیر ملکی کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کر چکا ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بورڈ اپنے قواعد و ضوابط پر سختی سے کاربند ہے۔