ٹرمپ کا اسرائیل لبنان میں 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان

جنگ بندی کا آغاز آج رات پاکستانی وقت کے مطابق رات 2 بجے سے ہوگا۔

               
April 16, 2026 · بام دنیا
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان فوری طور پر 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا آغاز آج رات پاکستانی وقت کے مطابق رات 2 بجے سے ہوگا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ٹروتھ سوشل’ پر جاری اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ان کی لبنان کے صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے انتہائی اہم اور مثبت گفتگو ہوئی ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے مستقل امن کے قیام کی جانب پیش رفت کرتے ہوئے 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واشنگٹن میں سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو کی موجودگی میں دونوں ممالک کے وفود نے 34 سال بعد پہلی بار براہ راست ملاقات کی، جو ایک تاریخی پیش رفت ہے۔

امریکی صدر نے اس عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی ٹیم تشکیل دی ہے جس میں جے ڈی وینس نائب صدر، مارکو روبیو سیکریٹری آف اسٹیٹ، ڈین ریزن کین چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف شامل ہیں۔

صدر ٹرمپ نے ان حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر ایک ‘دیرپا امن معاہدہ’ یقینی بنائیں۔

 اپنے مخصوص انداز میں صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ 9 جنگیں ختم کرا چکا ہوں یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں اب تک دنیا بھر میں 9 جنگیں ختم کرا چکا ہوں اور یہ میری دسویں کامیابی ہوگی۔ آئیے، اسے مکمل کرتے ہیں۔

اس اعلان کے بعد مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے کی نئی امید پیدا ہو گئی ہے، تاہم مبصرین اس 10 روزہ وقفے کو مستقل امن معاہدے کے لیے ایک کڑا امتحان قرار دے رہے ہیں۔