ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی ’غلط اور غیر دانشمندانہ فیصلہ‘ قرار
ناکہ بندی ختم نہ کی گئی تو آبنائے ہرمز سے گزرنے کو محدود کر دیا جائےگا۔
ایران کے سپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے ایرانی بندرگاہوں پر امریکی ناکہ بندی کو ’غلط اور غیر دانشمندانہ فیصلہ‘ قرار دیا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں انھوں نے کہا: ’میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ اگر ناکہ بندی ختم نہ کی گئی تو آبنائے ہرمز سے گزرنے کو یقینی طور پر محدود کر دیا جائے گا۔
ایرانی عوام کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں قالیباف نے کہا کہ آبنائے ہرمز ’ایران کے کنٹرول میں‘ ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ جب امریکہ نے آبنائے میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کی کارروائی کی کوشش کی تو ایران نے ’ڈٹ کر مقابلہ کیا۔‘
قالیباف نے کہا ’ہم نے اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھا اور کہا کہ اگر ایسا کیا گیا تو ہم حملہ کریں گے۔‘
جنگ کے آغاز کے بعد سے قالیباف ایرانی قیادت کی اہم شخصیات میں شامل ہو کر ابھرے ہیں، اور انھوں نے اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات میں وفد کی قیادت بھی کی۔