جلد بازی نہیں، ایران سے صرف بہتر معاہدہ ہوگا۔امریکی صدر

معاہدہ ہونے تک ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ

               
April 21, 2026 · بام دنیا
فوٹو امریکی میڈیا

فوٹو امریکی میڈیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ جلد متوقع ہے، تاہم وہ کسی جلد بازی یا نقصان دہ ڈیل کے حق میں نہیں ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ معاہدہ ہونے تک ایران کے خلاف بحری ناکہ بندی برقرار رکھی جائے گی، جبکہ جے ڈی وینس، اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر اسلام آباد روانہ ہو رہے ہیں تاکہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ ہونے والا ممکنہ معاہدہ باراک اوباما کے دور کے جوہری معاہدے سے بہتر ہوگا اور دنیا اس پر فخر کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بدھ تک پیشرفت نہ ہوئی تو صورتحال جنگ کی طرف جا سکتی ہے۔

انہوں نے میڈیا میں آنے والی ان خبروں کو مسترد کیا کہ وہ کسی دباؤ کے تحت معاہدہ کرنے جا رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے اندرونِ ملک سیاست پر بھی بات کرتے ہوئے ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ امریکی فوج اور انتظامیہ کی کامیابیوں کو کم کر کے دکھا رہے ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ وہ جنگی محاذ پر بڑی کامیابی حاصل کر رہے ہیں اور بعض میڈیا ادارے حقائق کے برعکس تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔