آپریشن مڈ نائٹ ہیمر ،ٹرمپ کا ایران کے ایٹمی پروگرام کو ملبے کا ڈھیر بنانے کا دعویٰ

ایران کے لیے اپنے افزودہ یورینیم کے ذخائر تک رسائی یا انہیں دوبارہ نکالنا ناممکن ہو چکا ہے، بیان

               
April 21, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگتن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوج نے جون 2025 میں کیے گئے فضائی حملوں میں ایران کے ایٹمی مراکز کو مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ٹرتھ سوشل‘ پر جاری کردہ ایک تند و تیز بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اب ایران کے لیے اپنے افزودہ یورینیم کے ذخائر تک رسائی یا انہیں دوبارہ نکالنا ناممکن ہو چکا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ہماری عظیم فوج نے خونخوار ایران کے ایٹمی ٹھکانوں کو اس حد تک تباہ (Obliterated) کر دیا ہے کہ تہران اب وہاں سے اپنا یورینیم نکالنے یا اسے کھود کر باہر لانے کے قابل بھی نہیں رہا۔ ہم نے ان کی ایٹمی صلاحیت کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیا ہے۔

صدر نے اپنے اس پوسٹ میں امریکی اور عالمی میڈیا کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے “جعلی خبریں” پھیلانے والے اداروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میڈیا آپریشن کی کامیابی کو کم تر دکھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ٹرمپ کے مطابق، جون 2025 میں کیا گیا آپریشن مڈ نائٹ ہیمر امریکی عسکری تاریخ کا ایک شاہکار تھا، جسے میڈیا جان بوجھ کر متنازع بنا رہا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس جون میں امریکہ نے ایران کی زیرِ زمین ایٹمی تنصیبات، بالخصوص فردو اور نتانز پر بھاری بنکر بسٹر بموں سے حملے کیے تھے۔