ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع ، ’’وقت کی کوئی قید نہیں‘‘: ٹرمپ
تنازع کے خاتمے کے لیے ’’کسی عجلت میں نہیں‘ ایک بہترین معاہدہ چاہتے ہیں، امریکی صدر
فائل فوٹو
واشنگٹن:امریکی نشریاتی ادارے’’ فاکس نیوز‘‘ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میزبان مارٹھا میکالَم کو بتایا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ بندی میں توسیع کے معاملے پر ’’وقت کی کوئی قید نہیں‘۔
صدر ٹرمپ نے ٹیلی فونک گفتگو میں بتایا کہ وہ تنازع کے خاتمے کے لیے ’’کسی عجلت میں نہیں‘ اور وہ ایک بہترین معاہدہ چاہتے ہیں۔
اس سے قبل بدھ کے روز وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ ’’جنگ بندی کے لیے کوئی حتمی مدت مقرر نہیں کی گئی۔‘
لیویٹ نے جنگ بندی میں3 سے 5دن کی توسیع سے متعلق خبروں کو ’’غلط‘‘ قرار دیا۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ’صدر ٹرمپ نے کوئی ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی وہ بحری ناکہ بندی سے مطمئن ہیں اور سمجھتے ہیں کہ ایران اس وقت بہت کمزور پوزیشن میں ہے۔
ایرانی قیادت کی جانب سے مختلف نوعیت کے بیانات سامنے آ رہے ہیں، جنھیں انھوں نے ’’عوامی سطح پر بے معنی باتیں‘‘ قرار دیا۔ہم ایک متفقہ ردِعمل اور جواب کے منتظر ہیں۔