امریکہ اور اسرائیل20 سالوں سے دنیا کو ڈرا رہے ہیں، ایران

تہران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں ظاہر کیے جانے والے خدشات حقیقت پر مبنی نہیں ، ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

               
April 23, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

تہران: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکہ اور اسرائیل پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک گزشتہ 20 سالوں سے ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے بے بنیاد دعوے کر کے دنیا کو “ڈرا” رہے ہیں۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق، ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے تازہ بیان میں واضح کیا کہ تہران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں ظاہر کیے جانے والے خدشات حقیقت پر مبنی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں ایران سفارتی حل اور مذاکرات کے لیے تیار ہے، وہیں ملک کو کسی بھی ممکنہ صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے “مکمل طور پر تیار” رہنا ہو گا۔

ترجمان نے انکشاف کیا کہ رواں سال جنوری میں (حالیہ جنگ کے آغاز سے قبل) امریکہ کے ساتھ ہونے والے مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی تھی مذاکرات کے آخری دور میں بعض اہم پیرامیٹرز پر ابتدائی مفاہمت طے پا گئی تھی۔

اسماعیل بقائی کے مطابق اس مفاہمت کا مقصد جہاں عالمی خدشات کو دور کرنا تھا، وہیں ایران کے ایٹمی حقوق کی ضمانت دینا بھی تھا۔