اسرائیل کا ایران کو پتھر کے دور میں دھکیلنے کا انتباہ ، تہران میں فضائی دفاعی نظام متحرک
امریکہ کی طرف سے گرین سگنل کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ خامنہ ای خاندان کا خاتمہ مکمل کیا جا سکے ،اسرائیلی وزیر دفاع
فائل فوٹو
تہران/تل ابیب : مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کے دوران صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب ایران کے دارالحکومت تہران میں اچانک فضائی دفاعی بیٹریاں متحرک کر دی گئیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیر دفاع ایسرائیل کاٹز نے ایران کے خلاف “فیصلہ کن اور مہلک” کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل تہران کو “پتھر کے دور” میں واپس بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں اداروں، نور نیوز اور مہر نیوز کے مطابق تہران کے مختلف حصوں میں دفاعی بیٹریاں متحرک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اگرچہ ابھی تک کسی مخصوص حملے یا جانی و مالی نقصان کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم شہر میں دفاعی نظام کا اچانک فعال ہونا کسی بڑے خطرے کی نشاندہی کر رہا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع ایسرائیل کاٹز نے ایک ویڈیو بیان میں واضح کیا کہ اسرائیلی فوج دفاعی اور جارحانہ دونوں لحاظ سے مکمل طور پر تیار ہے اور ایران میں اہداف کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ کی طرف سے گرین سگنل کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ خامنہ ای خاندان کا خاتمہ مکمل کیا جا سکے اور ایران کے کلیدی توانائی و بجلی کے مراکز اور معاشی ڈھانچے کو تباہ کر کے اسے تاریک دور میں دھکیل دیا جائے۔
کاٹز نے مزید دھمکی دی کہ اس بار ہونے والا حملہ ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ “مختلف اور مہلک” ہو گا۔