لبنان پراسرائیلی بمباری سے جنگ بندی معاہدہ خطرے میں
'دیر عامس' میں اسرائیلی فضائی حملے نے امن کی کوششوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ۔
فائل فوٹو
بیروت/واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی میں تین ہفتوں کی توسیع کے اعلان کے باوجود جنوبی لبنان کے علاقے ‘دیر عامس’ میں اسرائیلی فضائی حملے نے امن کی کوششوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے حملے سے قبل علاقے کے مکینوں کو ایک کلومیٹر دور منتقل ہونے کا حکم دیا، جس کے فوری بعد جنگی طیاروں نے دیر عامس کو تین بار نشانہ بنایا۔
اسرائیلی جارحیت کے جواب میں حزب اللہ نے بھی خاموشی توڑ دی ہے۔ حزب اللہ کی جانب سے جنوبی لبنان میں موجود اسرائیلی افواج اور سرحد پار اسرائیلی تنصیبات پر راکٹوں اور ڈرونز سے جوابی حملے کیے گئے ہیں۔
10 روز قبل ہونے والے سیز فائر کے بعد سے اب تک یہ سلسلہ تھما نہیں ہے اور جنوبی لبنان کی فضاؤں میں جنگی طیاروں اور ڈرونز کی گھنٹی مسلسل سنائی دے رہی ہے۔