نیتن یاہو کا لبنان میں جنگ بندی کے باوجود حملے جاری رکھنے کا اعلان

ہم نے کل بھی حملے کیے اور آج بھی کیے ہیں ، اسرائیلی وزیراعظم کا ایکس پر بیان

               
April 24, 2026 · بام دنیا
نیتن یاہو۔ فائل فوٹو

نیتن یاہو۔ فائل فوٹو

تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں تین ہفتوں کی توسیع کے اعلان پر اپنا پہلا باضابطہ ردعمل جاری کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (X) پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں نیتن یاہو نے واضح کیا کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل لبنان میں اپنی فوجی کارروائیاں بند نہیں کرے گا۔

نیتن یاہو نے کہا ہم کسی بھی خطرے بشمول ابھرتے ہوئے نئے خطرات کے خلاف کارروائی کی مکمل آزادی برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ہم نے کل بھی حملے کیے اور آج بھی کیے ہیں۔

 اسرائیلی وزیراعظم نے حزب اللہ پر جنگ بندی کے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کی سلامتی کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی صدر ٹرمپ سے فون پر بات چیت ہوئی ہے اور وہ ایران و لبنان کے حوالے سے مکمل تعاون کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔