پی ایس ایل11: حیدرآباد کنگزمین پلے آف مرحلے میں پہنچ گئی ، لاہور قلندرز آئوٹ
حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو جیت کیلئے 245 رنز کا ہدف دیا، راولپنڈیز کی پوری ٹیم 18 ویں اوورز کی پہلی گیند پر 136 پر آؤٹ ہوگئی۔
فوٹو سوشل میڈیا
کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)11 کے 39 ویں میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کو 103 رنز سے شکست دے دی، جس کے بعد لاہور قلندرز ایونٹ سے آؤٹ ہوگئی۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز پی ایس ایل الیون میں پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوگئی، حیدرآباد کنگز مین نے چوتھی ٹیم کی حیثیت سے ٹاپ فور میں رسائی حاصل کرلی۔
راولپنڈیز کی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے دیے گئے 245 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 136 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔
راولپنڈیز کی جانب سے عثمان خان 66 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیل کر نمایاں رہے، کپتان محمد رضوان26 اور سیم بلنگز 23 رنز بنا سکے جبکہ دوسرا کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
راولپنڈیز کے ڈیان فوریسٹر 6، سعد مسعود 5، آصف آفریدی اور عماد بٹ 3،3 جبکہ شاہزیب خان ایک رن ہی بنا سکے جبکہ کامران غلام، محمد عامر اور بین سیئرز کوئی رن بغیر ہی پویلین چلتے بنے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے حنین شاہ اور عاکف جاوید نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب4 اور 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد علی اور گلین میکسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگزمین نے راولپنڈیز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 244رنز بنائے۔
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے گلین میکسویل70 رنز بنا کر نمایاں رہے، عثمان خان نے 54، معاذ صداقت نے 28، صائم ایوب نے 12 رنز بنائے جبکہ کپتان مارنوس لبوشانے 5 اور عرفان خان بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
کنگزمین کے کوشال پریرا نے 50 جبکہ حسان خان نے 16رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ عماد بٹ ، آصف آفریدی اور بین سیئرز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ایونٹ کی ناقابل شکست پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی سے ملا 200 رنز کا ہدف 4 وکٹ کے نقصان پر 3 گیندوں پہلے حاصل کر لیا تھا۔
دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے فخر زمان 58 اور ڈینئل سیمز 35 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، یوں پشاور زلمی کو پی ایس ایل 11 میں پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔