ایرانی وزیرِ خارجہ عمان کے دورے کے بعد دوبارہ اسلام آباد پہنچ گئے
ایرانی وزیر خارجہ کچھ دیر اسلام آباد میں قیام کے بعد ماسکو روانہ ہو جائیں گے۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: ایران کے وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی عمان کا مختصر دورہ مکمل کرنے کے بعد ایک بار پھر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نور خان ایئر بیس پر پہنچے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال کیا ۔ ایرانی وزیر خارجہ کچھ دیر اسلام آباد میں قیام کے بعد ماسکو روانہ ہو جائیں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے دورہ مسقط کے لیے پاکستانی طیارے کا استعمال کیا تھا۔
عباس عراقچی نے گزشتہ روز اسلام آباد میں قیام کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں، جس میں انہوں نے جنگ بندی اور پائیدار امن کے حوالے سے ایران کا “قابلِ عمل فریم ورک” پیش کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر اپنے ایک پیغام میں ایرانی وزیرِ خارجہ نے کہا میں نے پاکستانی قیادت کے ساتھ ایران کے خلاف جاری جنگ کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے ایک ٹھوس فریم ورک پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا امریکہ واقعی سفارت کاری میں سنجیدہ ہے یا نہیں۔