آبنائے ہرمز میں امریکی کارروائی۔ ایرانی کشتیوں کے خلاف اپاچی ہیلی کاپٹر سے میزائل داغے

سینٹکام کے مطابق 6 ایرانی تیز رفتار کشتیاں تباہ، 100 سے زائد طیارے آپریشن میں شامل

               
  May 5, 2026 · بام دنیا

امریکی فوج کے مرکزی کمانڈ (سینٹکام) نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری کارروائی کے دوران سی ہاک اور اپاچی حملہ آور ہیلی کاپٹروں کو استعمال کرتے ہوئے ایرانی کشتیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سینٹکام کے مطابق پیر کے روز 6 ایرانی تیز رفتار کشتیوں کو اس وقت تباہ کیا گیا جب وہ امریکی آپریشنز کے دوران کمرشل شپنگ میں مداخلت کی کوشش کر رہی تھیں۔ واشنگٹن کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے کی جا رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہیلی کاپٹروں کو ان ایرانی چھوٹی کشتیوں کو ختم کرنے کے لیے استعمال کیا گیا جو تجارتی بحری جہازوں کے لیے خطرہ بن رہی تھیں۔
سینٹکام نے مزید بتایا کہ خلیجی خطے میں قائم امریکی اڈوں اور دو طیارہ بردار بحری جہازوں پر موجود طیاروں سمیت 100 سے زائد جنگی طیارے “آپریشن فریڈم” میں حصہ لے رہے ہیں، جس کا مقصد آبنائے ہرمز کو کھولنا اور جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کرنا ہے۔