ایران سے مبینہ دراندازی: کویت کا ایرانی سفیر کو طلب کر کے شدید احتجاج

دراندازوں اور کویتی مسلح افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ، جھڑپ کے دوران کویتی فوج کا ایک اہلکار زخمی

May 12, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کویت سٹی: کویت نے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کے مسلح ارکان کی مبینہ دراندازی پر ایرانی سفیر محمد توتونجی کو وزارتِ خارجہ طلب کر کے سخت احتجاجی مراسلہ تھما دیا۔

کویتی نائب وزیر خارجہ حمد سلیمان المشعان نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویت نے اس واقعے کو “معاندانہ کارروائی” قرار دیتے ہوئے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسی سرگرمیاں فوری اور غیر مشروط طور پر بند کرے۔

 نائب وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ یہ دراندازی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے، اور کویت اپنے دفاع کا مکمل حق محفوظ رکھتا ہے۔

کویتی وزارتِ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب کے چار مبینہ ارکان نے سمندری راستے سے کویت میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

دراندازوں اور کویتی مسلح افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔جھڑپ کے دوران کویتی فوج کا ایک اہلکار زخمی ہوا، جبکہ دو مبینہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔