مشرق وسطیٰ میں امریکی افواج “انتہائی الرٹ” ہے۔ سینٹکام
بحیرہ عرب میں امریکی بحری بیڑا مکمل تیاری کی حالت میں ہے۔ امریکی حکام
امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ سینٹکام نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں تعینات امریکی افواج “انتہائی تیار حالت” میں ہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر مستعد ہیں۔
سینٹ کام کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کیریئر اسٹرائیک گروپ کو “اعلیٰ ترین تیاری کی حالت” میں رکھا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں سینٹ کام نے امریکی جنگی طیاروں، بشمول ایف-35 اسٹیلتھ فائٹر جیٹس، کی تصاویر بھی شیئر کیں جو طیارہ بردار بحری جہاز کے ڈیک سے پرواز کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج “ایران کی بندرگاہوں کے خلاف پابندیوں پر عملدرآمد” کرتے ہوئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
سینٹ کام کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کی کوششوں میں مصروف ہے۔ تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ اگر ایران نے اپنے یورینیم ذخائر امریکا کے حوالے نہ کیے تو اسے “انتہائی سخت” کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔