ایران افزودہ یورینیم کے ذخائر محدود کرنے پر آمادہ ہوگیا۔امریکی اخبار کا دعویٰ

امریکی حکام کے مطابق تہران نے اہم شرط ماننے پر آمادگی ظاہر کردی

May 24, 2026 · بام دنیا

امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکہ کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کے تحت اعلیٰ درجے کے افزودہ یورینیم کے ذخائر محدود یا ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور جنگی صورتحال کے خاتمے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ افزودہ یورینیم کے ذخائر سے متعلق حتمی طریقہ کار اور شرائط ممکنہ معاہدے کے بعد ہونے والے مذاکرات میں طے کی جائیں گی۔ تاہم ایرانی حکام کی جانب سے اس حوالے سے کسی باضابطہ مؤقف یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان حالیہ سفارتی رابطوں میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور فریقین تنازع کے مستقل حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔