ٹرمپ اپنے کسی بھی ہدف میں کامیاب نہیں ہوئے۔ امریکی سینیٹر
کرس مرفی نے ممکنہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹرمپ کو نااہل قرار دے دیا
امریکہ کے سینیٹ میں ڈیموکریٹ رہنما سینیٹر کرس مرفی نے جنگ کے ممکنہ خاتمے کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کرس مرفی نے کہا کہ اگرچہ جنگ کے خاتمے کی امید خوش آئند ہے، لیکن اس حقیقت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کہ “ہزاروں بے گناہ افراد مارے گئے اور معیشت تباہ ہوگئی۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ممکنہ جنگ بندی کا یہ مطلب نہیں کہ ٹرمپ کی نااہلی اور اس جنگ کے آغاز سے ہی “پاگل پن” پر خاموشی اختیار کرلی جائے۔
مرفی نے کہا کہ ٹرمپ اپنے مسلسل بدلتے ہوئے کسی بھی ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔ انہوں نے اس بات کی نشاندہی کی کہ ایران اب بھی آبنائے ہرمز بند کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ اس کے بیلسٹک میزائل اور ڈرون پروگرام بھی برقرار ہیں۔
امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ ایران کی نئی قیادت اب پہلے سے زیادہ حوصلہ مند ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ہمارا سخت ترین وار برداشت کیا اور ہمیں شکست دی۔
کرس مرفی نے مزید دعویٰ کیا کہ تہران اس تنازع کے بعد پہلے سے زیادہ طاقتور بن کر ابھرا ہے۔