پاکستان اور کولمبیا کا تجارت، تعلیم اور عالمی امور میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کولمبیا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نیویارک میں کولمبیا کی وزیر خارجہ روزا یولانڈا ویلاوِسینسیو سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، دفاع، ثقافت اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور کولمبیا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات کے دوران عالمی اور علاقائی امور، خصوصاً فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔
چونکہ پاکستان اور کولمبیا اس وقت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ہیں، اس لیے دونوں ممالک نے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی فورمز پر باہمی تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے عالمی معاملات پر کولمبیا کے مؤقف کو سراہا جبکہ دونوں رہنماؤں نے اعلیٰ سطحی روابط کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔