ٹرمپ نے عمان کو بھی دھمکا دیا

آبنائے ہرمز کسی ایک ملک کے کنٹرول میں نہیں جا سکتی کیونکہ یہ عالمی گزرگاہ ہے

May 28, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے دوران اب سلطنت عمان کے حوالے سے بھی سخت بیان دے دیا۔

کابینہ اجلاس کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز کسی ایک ملک کے کنٹرول میں نہیں جا سکتی کیونکہ یہ عالمی گزرگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور عمان بھی اس معاملے کو سمجھتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ اگر کسی ملک نے مختلف طرزِ عمل اپنایا تو امریکا اس پر سخت ردعمل دے سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں کسی کو بھی عالمی تجارت کے اہم راستے پر مکمل کنٹرول کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

صحافیوں نے ٹرمپ سے ایران کے ساتھ ممکنہ معاہدے میں تاخیر اور امریکی وسط مدتی انتخابات کے دباؤ سے متعلق سوال بھی کیا، جس پر انہوں نے کہا کہ انہیں سیاسی دباؤ کی فکر نہیں اور ان کی توجہ صرف امریکی مفادات پر ہے۔

یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے جہاں سے تیل کی بڑی مقدار عالمی منڈیوں تک پہنچتی ہے۔