خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔صدر پزشکیان

ایران جوہری ہتھیار نہیں چاہتا، امریکہ سے برابری کی بنیاد پر مذاکرات کر رہے ہیں۔ایرانی صدر

May 29, 2026 · بام دنیا

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عدم استحکام کا بنیادی ذمہ دار اسرائیل ہے، جبکہ ایران خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پزشکیان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا اور تہران کا مؤقف اس حوالے سے مستقل اور واضح ہے۔
انہوں نے امریکہ کے ساتھ جاری مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران عزت اور برابری کی بنیاد پر سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے اور کسی دباؤ یا ذلت آمیز شرائط کو قبول نہیں کرے گا۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر ایران دنیا کی بڑی طاقتوں کے مقابل کھڑا ہے تو اسے اس کے نتائج اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ ایک طرف کشیدگی اور محاذ آرائی جاری رہے اور دوسری طرف معمول کے حالات کی توقع بھی رکھی جائے۔
مسعود پزشکیان کے یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام اور اقتصادی پابندیوں سے متعلق مذاکرات عالمی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔