عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا۔ قیمتیں 94 ڈالر فی بیرل سےمتجاوز
امریکہ ایران کے درمیان معاہدے میں تاخیر،خطے میں کشیدگی کے باعث قمتیں بڑھیں
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کی بڑی وجہ ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ معاہدے میں تاخیر اور خطے میں جاری کشیدگی کو قرار دیا جا رہا ہے۔
مارکیٹ رپورٹس کے مطابق برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت بڑھ کر 94.29 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے، جبکہ امریکی خام تیل (WTI) بھی اضافے کے بعد 91.41 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گیا ہے۔
اسی طرح اماراتی خام تیل مربان کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو بڑھ کر 94.43 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔
توانائی شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سیاسی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث آئندہ دنوں میں تیل کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔