امریکی حملوں کے بعد قشم میں کشیدگی۔پاسداران کا جوابی حملوں کا دعویٰ

امریکی فوجی تنصیبات اور اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

June 3, 2026 · بام دنیا

امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایرانی جزیرے قشم میں موجود فوجی تنصیبات پر حملے کیے ہیں، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق یہ کارروائیاں ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فورسز نے قشم میں ایرانی فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔

سینٹکام نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنایا اور متعدد میزائل و ڈرون مار گرائے گئے۔ امریکی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے بعض میزائل اپنے اہداف تک نہ پہنچ سکے، جن میں کویت کی طرف داغے گئے دو میزائل راستے میں گر گئے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بحرین کی طرف داغے گئے تین میزائل امریکی اور بحرینی فورسز نے مار گرائے، جبکہ بحری جہازوں پر کیے گئے تین ڈرون حملوں کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔

دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔ ایرانی میڈیا کے مطابق قشم میں کمیونیکیشن ٹاور پر امریکی حملے کے جواب میں کارروائی کی گئی۔

ایرانی ذرائع کے مطابق پاسداران انقلاب نے امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر، ایک فضائی اڈے اور ہیلی کاپٹرز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔