کویت کا 2 ایرانی سفارتکاروں کو 24 گھنٹے میں ملک چھوڑنے کا حکم

ایران کے قائم مقام ناظم الامور کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ حوالے کیاگیا۔

June 3, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کویت سٹی: کویت نے اپنی سرزمین پر ہونے والے حالیہ حملوں پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے 2 ایرانی سفارتکاروں کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک سے فوری بے دخلی کا حکم دے دیا ہے۔

کویت کے وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق ان دونوں سفارتکاروں کو چوبیس (24) گھنٹوں کے اندر کویت چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزارتِ خارجہ نے ایران کے قائم مقام چارج ڈی افیئرز (ناظم الامور) کو طلب کر کے ایران کی جانب سے کی جانے والی “وحشیانہ اور مسلسل جارحیت” پر سخت الفاظ میں باضابطہ احتجاجی مراسلہ سونپا۔ کویت نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ سفارتی مشن میں ملازمین کی تعداد کم کرنے کے اقدام کے تحت کیا گیا ہے۔

کویت کے نائب وزیرِ خارجہ حمد سلیمان المشعان کے مطابق یہ سخت اقدام کویت کے سویلین مقامات اور اہم تنصیبات، بالخصوص کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایران کی جانب سے کیے جانے والے حالیہ بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملوں کے جواب میں اٹھایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔

کویت نے ایران کے ان الزامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کویت کی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف کسی دشمنی کے لیے استعمال کیا گیا۔ کویتی وزارت نے مؤقف اختیار کیا کہ کویت اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت اور شہریوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی قوانین کے تحت تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا پورا حق رکھتا ہے۔