لبنانی علاقوں سے اسرائیلی انخلا کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں ، ایران
اسرائیل لبنان حملے فوری طور پر بند کرے، بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرحدوں کے پیچھے واپس جائے ، پاسدارانِ انقلاب
فائل فوٹو
تہران:ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس (IRGC) نے واضح کیا ہے کہ جب تک اسرائیل لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے مکمل طور پر پیچھے نہیں ہٹتا، تب تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘تسنیم’ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، آئی آر جی سی نے علاقائی جنگ میں جنگ بندی کے لیے اپنی سخت شرائط کا اعلان کیا ہے۔
ایران کا کہنا ہے کہ علاقائی جنگ میں کسی بھی قسم کی جنگ بندی قبول کرنے کے لیے ہماری بنیادی شرط یہ ہے کہ لبنان سمیت تمام محاذوں پر بیک وقت حملے روکے جائیں۔
پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ لبنانی عوام پر اپنے حملے فوری طور پر بند کرے اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرحدوں کے پیچھے واپس جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل لبنان کے مقبوضہ علاقوں کو فوری خالی کرے اور لبنان کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کو تسلیم کرے۔ دشمن کو فوری طور پر لبنانی عوام پر اپنے حملے بند کرنے ہوں گے، اور مقبوضہ علاقوں کو خالی کر کے بین الاقوامی سرحدوں کے پیچھے جانا ہوگا۔