ایران پر دباؤ برقرار رہے گا،ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ٹرمپ

ایران کے ساتھ معاہدے کی تفصیلات جلد سامنے آئیں گی۔لبنان میں امن ناگزیر ہے۔ ٹرمپ

June 5, 2026 · بام دنیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ ایران کی جانب سے امریکی فوج پر کسی بھی حملے کو جنگ کے دوبارہ آغاز کا جواز تصور کیا جا سکتا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ نے ایران کی عسکری صلاحیتوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور تہران پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہو یا نہ ہو، امریکہ اپنے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں، تاہم اگر ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ طے پاتا ہے تو ایسی ملاقات ممکن ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ سمجھوتے کی صورت میں آبنائے ہرمز فوری طور پر کھول دی جائے گی اور معاہدے کی تفصیلات جلد سامنے آ جائیں گی۔

صدر ٹرمپ نے لبنان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہاں امن کا قیام ملک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لبنان کی موجودہ صورتحال پر حزب اللہ کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی ہے۔

امریکی صدر نے یوکرین جنگ کے بارے میں کہا کہ اگر روسی صدر ولادیمیر پوتن اور یوکرینی صدر وولودی میر زیلنسکی ملاقات کریں تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔ ان کے بقول یوکرین تنازع کے حل کے لیے مذاکرات اور مصالحت ناگزیر ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ امریکہ اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے کے امکانات روشن ہیں اور اس حوالے سے جلد پیش رفت متوقع ہے۔