ایران کی امریکہ اور اسرائیل پر بچوں کے قتل پر شدید تنقید
بچے انسانیت کا ضمیر ہیں، جنگ کا حصہ نہیں: اسماعیل بقائی
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکہ اور اسرائیل کو بچوں کے قتل پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے غزہ، مقبوضہ مغربی کنارے، ایران کے شہر مینب، اور دنیا کے دیگر حصوں میں بچوں کی ہلاکتوں پر امریکا اور اسرائیل کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں سوال کیا کہ “بے گناہ بچوں کا کون سا جرم ہے جس کی سزا انہیں دی جا رہی ہے؟”
بقائی نے لکھا کہ غزہ اور مغربی کنارے سے لے کر بیروت، مینب، لامرد اور تہران سمیت دنیا بھر میں جہاں بھی بچے امریکہ اور اسرائیلی حکومت کے بموں اور میزائلوں سے ہلاک ہوئے ہیں، حقیقت ایک ہی ہے کہ کوئی بھی فوجی مقصد، سیاسی مفاد یا سکیورٹی جواز بچوں کے قتل کو درست قرار نہیں دے سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بچے نہ تو جنگ کا حصہ ہوتے ہیں اور نہ ہی اس کا ذریعہ، بلکہ وہ انسانیت کا زندہ ضمیر ہیں۔ ہر مارا گیا یا زخمی بچہ ہماری مشترکہ انسانیت کا ایک حصہ دفن کر دیتا ہے۔