پنجاب کے بیش تر علاقوں میں 7تا12 جون ہیٹ ویو الرٹ جاری

درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنےکا امکان

فائل فوٹو

محکمہ موسمیات نے 7 جون سے 12 جون تک ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو جیسی صورتحال کا امکان ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔

ذرائع کے مطابق 8 سے 11 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات اور سیالکوٹ شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق نارووال، لاہور، قصور، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر میں بھی ہیٹ ویو کا امکان ہے۔

اسی طرح لیہ، ملتان، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان، مظفرگڑھ اور راجن پور بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے اور یہ 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔